رمَضان

ہونے لگی ہے نُور کی برسات دفعتًا
چَھٹنے لگی وہ دیکھ سِیَہ رات دفعتاً
رحمت کی بٹتی دیکھ وہ خیرات دفعتاً
کھائی غنیمِ جَور نے بھی مات دفعتاً

رُت دیکھتے ہی دیکھتے کُچھ اور ہو گئی
عالَم میں دیکھو روشنی کس طور ہوگئی

دُنیائے دُون مہبطِ جبریل ہوگئی
پیغامِ حق کی خَلق کو ترسیل ہوگئی
یکدم فضائے کُفر بھی تبدیل ہوگئی
انسانیت کی پھر نئی تشکیل ہوگئی

بحرِ عطائے ایزدی آیا تھا جوش میں
بے گانۂ خِرَد تھے جو، آئے وہ ہوش میں

سقفِ سما سے آتی ہے ہر دم یہی صَدا
ہاتِف پکارتا ہے، اے آدم سُنو ذرا
جُویائے خیر! راہِ عمل میں قدَم بڑھا
اے زِشت خُو! تُو سوچ، سنبھل، اب تو باز آ

انمول ساعتیں ہیں، کہیں رائیگاں نہ جائیں
یہ با ثَمَر رُتیں ہیں، کہیں رائیگاں نہ جائیں

بند اس میں بابِ یاس ہے، وا روزَنِ امید
اِک ایک پَل عطا ہے، اور اِک ایک دم نوید
ہر رات قدر والی ہے، ہر روز روزِ عید
اُمّید وارِ رحمتِ ربّی ہوں میں سعید

گیارہ مہینے تارے ہیں، اور ‘ماہ’ ہے یہی
منزل تلک جو جاتی ہے، وہ راہ ہے یہی

اپنا تبصرہ بھیجیں