شکستِ خواب

آنکھ کے نیم وا دریچے پر
نیند نے دستِ مرمریں رکھا
اور اِک دل فریب دستک دی
کوئی سنتا تو دیکھنے آتا

بارہا دستکوں سے اکتا کر
اُس نے بے اِذن جھانکنا چاہا
پھر جو جھانکا تو آنکھ کے اندر
تیری یادوں کا ایک میلہ تھا
وحشتیں محوِ رقص پھرتی تھیں
رتجگے ہر طرف تماشائی
ایک آنسو میں قید تنہائی

آنکھ کے نیم وا دریچے سے
ایک ساعت میں دیکھ کر سب کچھ
نیند پھر بے مراد لوٹ آئی۔ ۔ ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں